Friday, April 19
Shadow

 کتاب بہاولپور میں اجنبی مادرعلمی سےمحبت کا دلآویز استعارہ ہے، اکبرخان اکبر

مظہر اقبال مظہر کی تصنیف پرکوئٹہ سے پروفیسر محمد اکبر خان اکبر کا تبصرہ  

“بہاولپور میں اجنبی”  ادبی اصناف کی رو سے تو ایک سفرنامہ ہے ، مگر اسے ایک دوسرے زاویے سے دیکھا جائے تو یہ ایک طالب علم کی اپنی مادر عملی اور اس کے شہر سے  محبت کا ایک دل آویز استعارہ ہے۔اس سفرنامے کا لفظ لفظ اس سچے جذبے کی گواہی ہے۔ اس کی سطر سطر میں ایک پر دیسی طالب علم کا ناسٹیلجیا ہے   اور اس  کے حرف حرف سے چاہت کی خوشبو پھوٹ رہی جو قاری کو کیفیات کی ایک اور  دنیا  میں لے جاتی ہے۔

یہ سفرنامہ دراصل ایک قلبی واردات ہے

مظہر اقبال مظہر کی تحریر سادہ، پر اثر، رواں، پر خلوص اور ان کی انکساری و عاجزی کی مظہر ہے۔یہ سفرنامہ دراصل ایک قلبی واردات ہے جو پڑھنے والے کے دل پر بھی ایک منفرد تاثر قائم کرتی ہے۔

اس کے مندرجات ایک ایسی  خوبصورت دنیا کی کہانی سناتے ہیں جو قیام پاکستان سے قبل ہی اس خطے میں اپنے عروج پر تھی۔  یہ ریاست بہاولپور کی ایک  مختصر تاریخ بھی اپنے دامن میں سمیٹے  ہوئے ہے۔اس میں وہاں کے گلی کوچوں اور وہاں کی ثقافتی اقدار کا رنگ بھی ملتا ہے۔ریاست کے مختلف محکموں اور ان کی کارکردگی کے جائزے کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔

سرائیکی لہجے کی شیرینی

اس سفرنامے میں آپ کو سرائیکی لہجے کی شیرینی، بہاولپور کا صوفیانہ مزاج اور وہاں مقیم کشمیری طلباء کا ذکر بھی محظوظ کرے گا۔مظہر اقبال مظہر کا مشاہدہ ان کے اس ادبی فن پارے سے واضح ہوتا ہے اور  ان کی شخصیت کا ایک علمی روپ قارئین کو دکھاتا ہے۔

پروفیسر محمد اکبر خان اکبر

مظہر اقبال مظہر کا یہ سفرنامہ زبان و بیان کی روایتی خوبیوں،سفرنامے کے جملہ لوزامات سے مزین صوری اور معنوی محاسن سے بھی آراستہ ہے جو قارئین کی توجہ ضرور حاصل کرے گا۔

اس سفرنامے کے ساتھ دو اعلی افسانے بھی کتاب کا حصہ ہیں جس سے اس کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ان کے افسانوں کا، معیار تکنیک کے اعتبار سے بلند ہے۔البتہ یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ انھوں نے اپنے قیام بہاولپور کا حال سپرد قلم کرتے ہوئے نہایت اختصار سے کام لیا ہے ہوسکتا ہے یہ ان کے علمی سفر کا پہلا حصہ ہو اور باقی احوال اگلی کتابوں کی زینت بنے۔

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact